پشاور + گوادر (روزنامہ آواز ٹائمز) چین کی بے مثال ترقی مسلسل محنت اور قومی سوچ اپنانے کے باعث ممکن ہوئی ہے۔ ہمیں چین سے سیکھتے ہوئے ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنا ہو گا ان خیالات کا اظہار گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کیا انھوںنے مزید کہا کہ سی پیک کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر روزنامہ”اتحاد” اور پاکستان اکنامک نیٹ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال صوبائی وزیر فضل الٰہی معاون خصوصی حاجی ملک مہر الٰہی سی پی این ای کے صدر ارشاد عارف جنرل سیکرٹری اعجاز الحق سی پی این ای خیبر پختونخوا کے صدر اور روزنامہ ”اتحاد” کے چیف ایڈیٹر طاہر فاروق ایریا سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی کے ڈاکٹر شبیر احمد چائنہ سٹڈی سنٹر کی کوثر تکریم اور دیگر شخصیات نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین ایک خاموش سپرپاور کے طور پر اپنا کامیابی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے اور آج دنیا میں کوئی گھر اور دفتر ایسا نہیں جہاں چینی مصنوعات موجود نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی قابل فخر ہے اور سی پیک کے باعث یہ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ سی پیک کو پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شہ رگ کی حیثیت حاصل ہے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ چین نے جس طرح ترقی کی ہے ہم ایسی ترقی کیوں نہ کر سکے۔






