شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی، آرمی چیف

راولپنڈی(جہانگیر خان/عبدالباسط ترین) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی، ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یومِ تکریمِ شہداء پاکستان کے حوالے سے پولیس لائن ،اسلام آباد کا دورہ کیا ۔آرمی چیف نے اسلام آباد پولیس کے آفیسرز اور جوانوں کے ساتھ پولیس کے شہداء لواحقین سے خطاب میں کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔آرمی چیف نے کہا وہ شہداء جنہیں اللہ رب العزت نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی، اْنکی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا۔آرمی چیف نے کہا پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ۔ شہداء کے وارثاء کو یہ پیغام دینا چاہتا ہو ں کہ آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی۔ قبل ازیں پولیس لائن آمد پر چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں