اسلام آباد (روزنامہ آواز ٹائمز) لندن لاپتہ آبدوز کا ملبہ مل جانے کی تصدیق، ٹائٹن کے تباہ ہونے کی ممکنہ وجہ بھی بتا دی گئی، تفصیلات کے مطابق لاپتہ آبدوز کا ملبہ مل جانے کی تصدیق کرتے ہوئے امریکی کوسٹ گارڈز نے بتایا ہے کہ ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے سے 1600 فٹ دور ٹائٹن آبدوز کا ملبہ ملا، سرچ آپریشن کے دوران آبدوز کے 5 ٹکڑے ملے، امریکی کوسٹ گارڈز کی جانب سے دعوٰی کیا گیا ہے کہ ممکنہ طور بیرونی دباو برداشت نہ کر پانے کے باعث آبدوز تباہ ہوئی۔
جبکہ سرچ آپریشن میں شامل ماہرین کی جانب سے آبدوز کے دھماکے سے تباہ ہونے کا دعوٰی کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے کے قریب سے ملنے والا ملبہ آبدوز کے لینڈنگ فریم اور پچھلے کور پر مشتمل ہے، ملبہ ملنا نشاندہی کرتا ہے کہ آبدوز دھماکے سے تباہ ہوئی۔
دوسری جانب ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے کو دیکھنے کے سفر پر جانے والی لاپتہ آبدوز ٹائٹن کی مالک کمپنی اوشین گیٹ کی جانب سے لاپتہ آبدوز کے مسافروں کی ہلاکت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یقین ہے کہ ٹائی ٹینک کے ملبے کو دیکھنے کے سفر پر جانے والی آبدوز میں سفر کرنے والے تمام 5 مسافر اب زندہ نہیں رہے، ان افراد کو کھونے کا بہت افسوس ہے۔ جبکہ امریکی کوسٹ گارڈز کی جانب سے بھی لاپتہ آبدوز ٹائٹن کے تمام مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔ واضح رہے کہ لاپتہ آبدوز میں معروف پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد سمیت کل 5 افراد موجود تھے۔
روزنامہ آواز ٹائمز اسلام آباد






