مچھ میں پی ٹی سی ایل کی مین کیبل چوری، سینکڑوں ڈی ایس ایل کنکشن غیر فعال

بولان(آوازٹائمز) مچھ شہر میں پی ٹی سی ایل کی مین کیبل نشے کے عادی افراد(ہیروئنیوں)نے چوری کر لی، جس کے باعث سینکڑوں ڈی ایس ایل انٹرنیٹ کنکشن غیر فعال ہو گئے ہیں۔ انٹرنیٹ اور لینڈ لائن سروس بند ہونے سے شہریوں، طلبہ، سرکاری دفاتر اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کیبل ترقیاتی کام کے سلسلے میں ہونے والی کھدائی کے دوران زمین سے نمایاں ہو گئی تھی، تاہم اس حوالے سے پی ٹی سی ایل حکام کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔ رات کے اوقات میں نشے کے عادی افراد نے صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتی کیبل کاٹ کر چوری کر لی اور مبینہ طور پر فروخت کر دی۔ اس حوالے سے ایس ڈی او پی ٹی سی ایل سبی نے مقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی کام اور کھدائی کے بارے میں پی ٹی سی ایل کو بروقت اطلاع نہیں دی گئی۔ اگر ہمیں پیشگی آگاہ کیا جاتا تو ہم اپنی کیبل کی نگرانی کا بندوبست کرتے اور یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقے کے لیے نیا سامان آج پہنچ جائے گا، جبکہ کل تک انٹرنیٹ اور پی ٹی سی ایل سروس مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مچھ میں نشے کے عادی افراد کی جانب سے چوری کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔ یہ افراد ٹیلی فون کیبلز، گیس میٹرز، سرکاری پائپ لائنوں، مساجد کی بیٹریاں، سولر سسٹمز اور شہریوں کے گھروں سے قیمتی سامان چوری کر کے کباڑیوں کو فروخت کرتے ہیں، جس رقم سے اپنے لیے ہیروئن خریدی جاتی ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان نشے کے عادی افراد کے ساتھ ساتھ چوری کا سامان خریدنے والے کباڑیوں کے خلاف بھی سخت اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے، کیونکہ انہی کی سرپرستی سے یہ غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں