نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں، ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب بلوچستان

کوئٹہ (روزنامہ آواز ٹائمز) قومی احتساب بیورو بلوچستان کا نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز کوئٹہ میں “بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار” کے موضوع پر سیمینار،ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب بلوچستان عمران مجید اور ڈائریکٹر نمل محترمہ سمرین کا شرکاء سے اظہار خیال

بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں ، نیب بلوچستان نے 9 ستمبر 2025 کو نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز کوئٹہ میں “بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار” کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد نوجوانوں بالخصوص طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ نیب بلوچستان کے افسران کے ایک وفد نے جناب عمران مجید ایڈیشنل ڈائریکٹرنیب کی قیادت میں طلباء اور فیکلٹی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وژن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

نیب افسران نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔ افسران نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں، اور بدعنوانی کی کسی قسم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر گرداناگیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔ اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طلباء بدعنوانی کے خلاف شعور حاصل کر یں تا کہ ایمانداری، دیانتداری اور جوابدہی کے درس کومزید فروغ دیا جا سکے ۔ معاشرے کے اہم ارکان کے طور پر طلباء کی اجتماعی کوششیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

اس موقع پر نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز کی ڈائریکٹر محترمہ سمرین نے نیب بلوچستان کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ بھی انسداد بدعنوانی کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سیمینار کا اختتام دونوں فریقین کے اظہار تشکر کے ساتھ دونوں اطراف سے یادگاری شیلڈز کے تبادلہ پر ہوا۔ بعدازاں ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں نیب افسران، نمل کے ریجنل ڈائریکٹر، اساتذہ، لیکچرارز اور طلباء نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں