ژوب (روزنامہ آواز ٹائمز/آئی ایس پی آر) پاک فوج اور الشفاء آئی ٹرسٹ کی جانب سے ژوب میں دو روزہ فری آئی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، پاک فوج اور الشفاء آئی ٹرسٹ کے باہمی اشتراک سے کمبائن ملٹری ہسپتال ژوب میں مفت آئی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، کیمپ کے انعقاد کا مقصد مقامی غریب اور سفید پوش لوگوں کو مفت طبی امداد اور آنکھوں کے امراض اور صحت وصفائی سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔
آئی کیمپ کے دوران 1400 سے زائد مریضوں کا مفت علاج معالجہ کیا گیا جن میں سے 57 مریضوں کی موتیا بند سرجری کی گئی جبکہ 412 مریضوں کو بصارت کے چشمے اور مفت ادویات فراہم کی گئی۔ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے آرمی پبلک اسکول اور فیڈرل گورنمنٹ اسکول کے اساتذہ اور بچوں کا بھی مفت معائنہ اور اساتذہ کرام کو صحت وصفائی سے متعلق آگاہی فراہم کی۔
میڈیکل کیمپ سے مریضوں کی بڑی تعداد نے استفادہ حاصل کیا جن میں مرد و خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، پاک فوج بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کو عوام کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔



























