گرانفروشی، ناجائز منافع خوری اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی، ڈپٹی کمشنر

حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی)ڈپٹی کمشنر حب کی جانب سے شہر میں عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی، تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک و شہری نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے حب بازار اور گردونواح کا تفصیلی دورہ کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حب, ڈی ایس پی اور انجمنِ تاجران کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر حب نے شہر کے مختلف بازاروں، تجارتی مراکز اور مین آر سی ڈی روڈ کا دورہ کرتے ہوئے دکانوں اور کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف اشیائے ضروریہ کے نرخوں، سرکاری ریٹ لسٹ کی موجودگی اور اس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جبکہ دکانداروں کی جانب سے مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کا بھی موقع پر معائنہ کیا۔
دورے کے دوران سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والے بعض دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے اور انہیں واضح ہدایت کی گئی کہ عوام کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ گرانفروشی، ناجائز منافع خوری اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے مین آر سی ڈی روڈ اور بازار کے مختلف حصوں میں قائم تجاوزات کا بھی معائنہ کیا اور دکانداروں کو ہدایت کی کہ اپنی دکانوں کے سامنے اور سڑک و فٹ پاتھ پر قائم تمام غیر قانونی تجاوزات فوری طور پر ختم کریں تاکہ شہریوں کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہو اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔اس موقع پر مین آر سی ڈی روڈ کے اطراف قائم ایرانی پٹرول و ڈیزل کے غیر مجاز مراکز اور دیگر تجاوزات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر حب نے متعلقہ دکانداروں اور ایرانی فیول یونٹس کے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ 24 گھنٹوں کے اندر رضاکارانہ طور پر اپنی غیر قانونی تنصیبات اور تجاوزات ہٹا کر متبادل مناسب جگہ پر منتقل ہوں۔انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت کے اندر رضاکارانہ طور پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں اسسٹنٹ کمشنر حب اور پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات یا کاروباری سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ڈپٹی کمشنر حب نے اسسٹنٹ کمشنر حب اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ بازاروں اور مین آر سی ڈی روڈ پر تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے انجمنِ تاجران کے نمائندوں پر بھی زور دیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے تاجروں کو مقررہ نرخوں کی پابندی، تجاوزات کے خاتمے اور شہری نظم و ضبط برقرار رکھنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد تاجروں کے کاروبار میں غیر ضروری رکاوٹ پیدا کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات، مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی، صاف ستھرا ماحول اور محفوظ و رواں ٹریفک نظام فراہم کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے انتظامیہ اور تاجر برادری کو باہمی تعاون سے کام کرنا ہوگا۔

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں