ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد( روزنامہ آواز ٹائمز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ،ایک شخص نے نفرت اور دھرنے کی سیاست کو فروغ دیا ، پونے چار سال میں معیشت کا بٹھا بیٹھا دیا،نواز شریف نے ملک سے دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا ،9مئی کو جو کچھ ہوا اس کی بنیاد 2014ء میں رکھی گئی تھی، پاک فوج ملک کا دفاعی ادارہ ہے ،ماضی میں کبھی حساس تنصیبات پر حملے نہیں کئے گئے ،2018ء میں ملک میں انتشار ، فساد پھیلانے کیلئے ایک پروجیکٹ کو لانچ کیا گیا ،نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے جرم میں نااہل کردیاگیا ، پارٹی کی صدارت سے ہٹا دیاگیا ،جس شخص نے اداروں پر حملے کروائے دھمکیاں دی اس کو عدالتیں ریلیف دے رہی ہیں، ریاست کو گرانا اگر یہ نہیں تو اور کیا ہے ،فیصل آباد کی تاجر برادری نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ۔ فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فیصل آباد شہر کی خوبصورتی کیلئے مزید فنڈز دیں گے کچھ مسائل کیلئے فنڈز نہیں بلکہ توجہ درکار ہے، سنجیدہ مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے کہتا ہوں کہ شہر کی بیوٹی فکیشن کیلئے کام کریں۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ2013میں بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری تھی، دہشت گردی عروج پر تھی، ن لیگ نے اقتدار میں آکر تمام مسائل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ جب بھی اقتدار میں آتی ہے اس کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے مگر ہم اپنے فرائض سے غافل نہیں ہوئے بلکہ ان مشکلات کا سامنا کیا اور انہیں ختم کیا،جو منصوبے پانچ سال میں لگے تھے وہ شہباز شریف نے تین سال میں لگائے۔ ان کا کہناتھا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا ہے ، تاجر برادری ن لیگ کا ہراول دستہ ہے۔ نوازشریف کے دور میں بجلی کے کارخانے لگائے گئے۔انہوں نے کہا نوازشریف نے کبھی گالم گلوچ کی سیاست نہیں کی اور نہ ہمیں اس کا درس دیا ، دوسری جانب پی ٹی آئی نے ہمیشہ گالی ، تشدد کی سیاست کی اور اپنے کارکنوں کی تربیت بھی نفرت کی بنیاد پر کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ نو مئی کو ہوا اس کی بنیاد 2014میں رکھی گئی تھی، ان کی بد بختی دیکھیں یہ اسی دن اپنے انجام کو پہنچے۔ کیا چیئرمین پی ٹی آئی نے تھانوں پر حملے کرکے اپنے ساتھیوں کو نہیں چھڑایا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہم نے دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے سی ٹی ڈی فورس بنائی، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، لیکن ایک شخص نے اپنی سیاست کو بچانے کیلئے پورے ملک انارکی کی جانب دھکیل دیا، نفرت کی سیاست کو فروغ دیا ، گالی کا کلچر پروان چڑھایا۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، ان کو پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا، مقدمات بنائے گئے، لوگوں کو اس وقت کہا گیا مسلم لیگ (ن) کے بجائے آزاد الیکشن لڑیں، 2018 میں جس پراجیکٹ کو لایا گیا اس کی ضرورت کیا تھی، چیئرمین پی ٹی آئی نے اقتدارسنبھالا تو شہباز شریف، بلاول نے میثاق معیشت کا کہا، اس وقت اس نے کہا آپ میں سے کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے پونے چار سال میں اکانومی کا بٹھا بیٹھا دیا، یہ نو مئی کو بالاآخر اپنے انجام کو پہنچے، اس نے نفرت کی سیاست کو فروغ دیا، نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر، بارود بھرا گیا، اس نے کہا اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو یہ ریڈلائن ہو گی، یہ تو پھر ریاست کے خلاف بغاوت ہے، جن سے بات کرنا چاہتا ہے ان کی روز منتیں کرتا ہے، وہ بات نہیں کرنا چاہتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں