12ربیع الاول کے موقع پر مذہبی پروگرامز کی سکیورٹی کے حوالے سے ایس پی آفس حب میں علماء کرام کا اہم اجلاس

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/ نیاز اللہ سمالانی)12ربیع الاول کے موقع پر ضلع حب میں منعقد ہونے والے جلسوں، جلوسوں، ریلیوں اور دیگر مذہبی پروگرامز کے پرامن انعقاد اور مؤثر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایس پی حب مرزا بلال حسن کی زیرِ صدارت ایس پی آفس حب میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف علماء کرام، مذہبی رہنماؤں اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ۱۲ ربیع الاول کے سلسلے میں منعقد ہونے والی مذہبی تقریبات، جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں کے سکیورٹی انتظامات، روٹس، ٹریفک مینجمنٹ اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایس پی حب مرزا بلال حسن نے علماء کرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ۱۲ ربیع الاول ہمارے لیے انتہائی مقدس اور عقیدت کا دن ہے، اس موقع پر تمام مذہبی پروگرامز کا پرامن اور باوقار انعقاد ضلعی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں کا تعاون امن و امان کے قیام میں نہایت اہم ہے۔ پولیس کی جانب سے مذہبی پروگرامز، جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا جا رہا ہے۔اجلاس میں علماء کرام نے مذہبی پروگرامز کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ علماء کرام نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ایس پی حب نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ تمام مذہبی پروگرامز کے منتظمین اور علماء کرام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے، جلوسوں کے روٹس پر مؤثر سکیورٹی، سرچنگ، اسنیپ چیکنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کے خصوصی انتظامات کیے جائیں جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی کڑی نگرانی، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، اہم مقامات کی نگرانی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس میکانزم کو فعال رکھا جائے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ۱۲ ربیع الاول کے تمام پروگرامز کو باہمی تعاون، مذہبی رواداری اور مثالی امن و امان کے ماحول میں منعقد کرانے کے لیے پولیس، علماء کرام، مذہبی تنظیموں اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کریں گےڈسٹرکٹ پولیس حب عوام سے اپیل کرتی ہے کہ ۱۲ ربیع الاول کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کو فروغ دیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں.

کیٹاگری میں : حب

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں