یونیورسٹی میں تعیناتی، پروموشن اور سکالرشپ سب میرٹ پر ہوگی، گورنربلوچستان

کوئٹہ (روزنامہ آواز ٹائمز) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ یونیورسٹی کا قیام اس وقت معنی خیز بن جائیگا جب یونیورسٹی کی خوشبو سے پورے صوبے کی فضاء معطر ہو جائے اور سائنسی اور تحقیقی تعلیمات کی روشنی سے نئی نسل کے اذہان منور ہو جائے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ یونیورسٹی میں تعیناتی، پروموشن اور سکالرشپ کے معاملات میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر قائمقام وائس چانسلر بلوچستان ڈاکٹر عبدالرحمٰن خان کے علاوہ بیوٹمز یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹیز، پروفیسر حضرات اور انتظامی ذمہ داران بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان کو بیوٹمز یونیورسٹی کی کارکردگی، درپیش مالی مشکلات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دی گئی. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ بیوٹمز یونیورسٹی کے اساتذہ کرام کی فکر و نظر یونیورسٹی کی چاردیواری تک محدود رکھنے کی بجائے پورے بلوچستان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے پر مرکوز رکھنی چاہیے. انہوں نے کہا کہ معاشرے میں استاد بنا ایک اعزاز کی بات ہے اسلئے ایک صحتمند معاشرے کی تشکیل کیلئے اپنی تمام پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہر ذی فہیم شخص کا انسانی فریضہ ہے. انہوں نے کہا کہ وقت آپہنچا ہے کہ جب ہم اپنے صوبے کے تمام وسائل اور خام مال کو بروئے کار لانے کیلئے اپنے ہی ماہرین پیدا کریں. انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلباء اور طالبات کو ضروری سہولیات فراہم کرنا، تعلیمی ماحول دینا اور ان کے مسقبل کو محفوظ بنانا ہماری ذمہ داری ہے. بعدازاں گورنربلوچستان بیوٹمزیونیورسٹی میں سپورٹس کے شعبے میں قومی سطح پر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں سے ملے اور ان کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان میں انعامات اور اسناد تقسیم کیے. بیوٹمز یونیورسٹی کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا. قبل ازیں گورنر بلوچستان نے آئی ٹی یونیورسٹی میں سمارٹ کلاس رومز کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا. روزنامہ آواز ٹائمز اسلام آباد

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں