کراچی (روزنامہ آواز ٹائمز)سندھ میں سیلاب کے باعث صوبائی حکومت کو 100ار ب روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے جس کے باعث آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 87 ارب روپے سیلاب کی بحالی کیلئے دیئے گئے۔وزیراعلیٰ نے اپنی بجٹ تقریر میں بتایا کہ سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیرات کو پورا کرنے کیلئے بڑا مالیاتی خلا موجود ہے، جنیوا کانفرنس کے بعد سندھ حکومت نے کراچی میں سیلاب متاثرین کی بحالی پر کانفرنس کا انعقاد کیا تھا، سندھ ڈونر کانفرنس میں سرمایہ کاروں کو انفرا اسٹرکچر کی بحالی کیلئے سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اور دیگر کے مطابق 4.4 ملین ایکڑ زرعی زمین تباہ ہوگئی، 117.3 ملین ڈالر کے 4 لاکھ 36 لاکھ 435 مویشی سیلاب کی نظر ہوگئے، صوبے کا 60 فیصد سڑکوں کا نیٹ ورک شدید متاثر ہوا۔






