کراچی(روزنامہ آواز ٹائمز)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے امریکی قونصل جنرل نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، صوبیمیں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران صوبے میں یو ایس ایڈ کے منصوبوں، گورنرز انیشیٹو کے آئی ٹی پروگرام و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں سفارت کاری اہم ثابت ہو رہی ہے، صوبہ سندھ میں یوایس ایڈ نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے، یو ایس ایڈ کے باعث خصوصا صحت و تعلیم کے شعبوں میں عوام کو بہترسہولیات فراہم ہو رہی ہیں۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ امریکی سرمایہ کاری سے روزگار کی فراہمی اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی، نوجوانوں کو مالی طور پر خود مختار بنانے کیلئے آئی ٹی کورسز کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ملاقات کے دوران امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، گورنر سندھ کے آئی ٹی ٹریننگ پروگرام سمیت فلاحی اقدامات مثالی ہیں۔






