ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے ری شیڈول ہونے کا امکان بڑھ گیا

کراچی(روزنامہ آواز ٹائمز) ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے ری شیڈول ہونے کا امکان بڑھ گیا، سیکیورٹی اداروں نے نوراتری کے موقع پر ہائی وولٹیج میچ نہ کرانے کا مشورہ دے دیا، مقابلہ 15 کے بجائے 14 اکتوبر کو ہونا ممکن ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں برس شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جانا ہے، اس کی تاریخ کو بھارتی تہوار نوراتری سے متصادم ہوگی جس میں گجرات بھر میں گربا نائٹس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔سیکیورٹی ادارے ان تقاریب کے محفوظ انعقاد میں مصروف ہوتے ہیں، اسی لیے انھوں نے میچ کو 15 کے بجائے 14 اکتوبر کو کرانے کا مشورہ دیا ہے،اس روز پہلے ہی ڈبل ہیڈر شیڈول ہیں، دہلی میں انگلینڈ وافغانستان کا ڈے میچ اور نیوزی لینڈ کا چنئی میں بنگلہ دیش سے ڈے نائٹ مقابلہ ہونا ہے، پورے ٹورنامنٹ میں کسی روز بھی 3 میچز شیڈول نہیں کیے گئے۔ ایک دن پہلے میچ کے انعقاد سے پاکستان کو مشکلات کا سامنا بھی ہوسکتا ہے کیونکہ ٹیم 12 اکتوبر کو حیدرآباد دکن میں سری لنکا سے مقابلہ کریگی، یوں اس کے پاس ہائی وولٹیج میچ کیلیے صرف ایک دن کا وقفہ میسر ہوگا۔ جس میں اسے حیدرآباد سے احمد آباد کا سفر بھی کرنا ہے، دوسری جانب بھارت کے پاس 2 دن ہوں گے کیونکہ ٹیم کو 11اکتوبر کو دہلی میں افغانستان سے میچ کھیلنا ہے، اس بارے میں بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم دستیاب آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں، جلد ہی اس حوالے سے فیصلہ کرینگے۔ہمیں سیکیورٹی ایجنسیز نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ جیسے ہائی وولٹیج مقابلے کیلیے دنیا بھر سے شائقین احمدآباد کا رخ کرینگے، اس دوران نوراتری کی تقاریب کا آغاز ہورہا ہوگا، سیکیورٹی اہلکار ان میں مصروف ہونگے، اس موقع پر ایسے مقابلے کے انعقاد سے بچنا چاہیے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے گذشتہ ماہ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد اکتوبر کے وسط کیلیے احمد آباد میں بڑھے پیمانے پر ہوٹلز کی بکنگ ہوگئی تھی، گھروں میں مہمان بنائے جانے کا آپشن بھی تقریبا مکمل ہوچکا۔ شائقین نے مہنگے داموں جہازوں کے ٹکٹ بھی بک کرالیے ہیں، اگر ایسے میں پاکستان اور بھارت کا میچ ری شیڈول ہوا تو پھر ان شائقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ادھر بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے جمعرات کو میگا ایونٹ کے مقابلوں کی میزبان ایسوسی ایشنز کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا جس میں سیکیورٹی کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اس میں پاک بھارت میچ کی تاریخ تبدیل کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں