سابقہ ڈرائیور بنگلے سے سوا 5 کروڑ روپے کی رقم چوری کرکے فرار

کراچی(روزنامہ آواز ٹائمز) گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھادی، سچل میں ٹیچرز سوسائٹی کے بنگلے میں کام کرنے والا سابقہ ڈرائیور 5 کروڑ اور 25 لاکھ روپے کی رقم چوری کرکے فرار ہوگیا۔سچل تھانے کی حدود ٹیچرز سوسائٹی میں ملزمان گھر سے 5 کروڑ سونے کی جیولری اور 25 لاکھ روپے کی رقم چوری کرکے فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق عمرہ ادائیگی کے بعد گھر لوٹنے والی فیملی کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، ایس ایچ او سچل زاہد لغاری کا کہنا ہے کہ گلزار ہجری مدراس چوک کے قریب ایک سوسائٹی میں چوری کی واردات رپورٹ ہوئی ہے۔ابتدائی تحقیقات میں واردات کا ماسٹر مائنڈ گھر میں کام کرنے والا سابقہ ڈرائیور ہے جسے دو ماہ قبل نوکری سے نکال دیا گیا تھا، پولیس نے گھر پر کام کرنے والی ماسیوں سے بھی تفتیش کی ہے جنہوں نے گھر کے ملازم سابقہ ڈرائیور کو شناخت بھی کیا ہے۔ایس ایچ او سچل زاہد لغاری نے مزید بتایا کہ گھر کے مالکان کمشنر سوسائٹی میں رہتے تھے اور کچھ عرصہ قبل ٹیچرز سوسائٹی میں شفٹ ہوئے تھے، گھر کے مالکان نے سابقہ ڈرائیور کو شکایات پر نوکری سے نکال دیا تھا، ملزمان نے گھر کے تالے توڑ کر اور گرل کاٹ کر واردات کی ہے۔ متاثرہ فیملی عمرہ ادائیگی کے لیے بنگلہ لاک کر کے گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں