کراچی (روزنامہ آواز ٹائمز) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دھابیجی سپیشل اکنامک زون منصوبہ پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، منصوبے میں 5 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری اور ایک لاکھ ملازمتیں ملیں گی۔ دھابیجی سپیشل اکنامک زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ اس منصوبے سے معاشی ترقی وخوشحالی میں اضافہ اور سرکاری و نجی سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون پیدا ہوگا جبکہ قومی شاہراہ تک رسائی اور ملکی و وسط ایشیائی ممالک تک سامان کی آمدورفت کے قابل ہوگا۔ خطاب کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ چین کی حکومت نے کہا تھا کہ سی پیک کا آئیڈیا آصف علی زرداری نے دیا تھا، آج کل لوگ بہت باتیں کرتے ہیں کہ سی پیک کس نے شروع کیا، سی پیک کا ہرگز یہ مطلب نہیں تھا کہ کچھ سڑکیں بنا دو، جب تک اکنامک زونز نہیں بنیں گے، سی پیک آگے نہیں بڑھے گا، اس پروجیکٹ کی لوکیشن اس سے بہتر ہو نہیں سکتی۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ترقی کرتے کراچی کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، سی پیک کا مقصد صرف سڑکیں بنانا نہیں تھا، منصوبے میں انڈسٹریز بھی شامل ہیں، اس سے لوگوں کو روزگار ملے گا، ملیر ایکسپریس وے بھی جلد مکمل ہوگا،کراچی کے لوگوں میں نا امیدی پھیلانے والے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔






